امریکی صدارتی انتخابات میں زمین کے بعد خلا میں بھی ووٹنگ کا عمل جاری رہا، ناسا کے خلا بازوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی خلا بازوں نے بھی اپنے ووٹ کا حق استعمال کرلیا ہے۔
ناسا کے خلابازوں نے ووٹ ڈالنے کے بعد خلائی اسٹیشن سے تصویر شیئر کردی، امریکی خلا بازوں نے الیکٹرک بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹیکساس میں ہیرس کاؤنٹی کلرک آف کورٹ آفس نے بتایا ہے کہ ناسا کے خلابا زبچ ولمور، سنی ولیمز اور ڈان پیٹیٹ نے انتخابات کے دن سے ایک روز قبل بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) سے اپنا ووٹ ڈالا۔
ناسا کے خلا باز نِک ہیگ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ تصویر پوسٹ کی گئی، جس میں انہوں نے “Proud to be American” (امریکی ہونے پر فخر ہے) والے موزے پہن رکھے تھے۔
تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ بیٹھے ہیں، کھڑے ہیں یا خلا میں تیر رہے ہیں، اہم بات یہ ہے کہ آپ ووٹ ڈالیں۔
اسمتھ سونین ایئر اینڈ اسپیس میوزیم کے مطابق انتخابی دن سے پہلے ایک خفیہ الیکٹرانک بیلٹ اسپیس سنٹر کو بھیجا جاتا ہے، جسے خلا باز ای میل کے ذریعے حاصل کردہ اسناد سے رسائی حاصل کرکے واپس ہیریس کاؤنٹی کلرک کے دفتر بھیجتے ہیں۔