اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان جنوبی لبنان میں لڑائی جاری ہے، حزب اللہ نے گزشتہ روز مزید 5 اسرائیلی فوجیوں کو جہنم واصل کیا تو ایک مرتبہ پھر اسرائیل کی چیخیں نکل گئیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے اعلان سامنے آیا تھا کہ گزشتہ روز 24 گھنٹوں کے دوران اس کے 10 فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ 40 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایکس پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشکل دن ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پچھلے تین دنوں میں تمام فوجی عزم کے ساتھ لڑے اور انہوں نے ایک مشترکہ مقصد کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ یہ مشترکہ مقصد اسرائیل کی سلامتی ہے۔
اسرائیلی چینل 12 رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ لڑائی کے دوران 89 ویں بٹالین کے 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ جس میں پانچ فوجی ہلاک ہوئے ہیں اس وقت پیش آیا جب ایک لاجسٹک قافلہ لبنان کے سرحدی قصبے کے اندر ایک مقام پر اسرائیلی افواج کے لیے سامان لے کر جا رہا تھا۔
حزب اللہ نے اسرائیلی فوج کے قافلے پر میزائل برسا دیئے، ان میں سے ایک میزائل عمارت کے قریب گرا جس میں 89ویں بٹالین کی ایک فورس موجود تھی۔
دوسری طرف حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جنوبی قصبے مروہین میں اسرائیلی افواج کے ایک اجتماع کے ساتھ ساتھ شمالی اسرائیل میں مالکیہ کالونی کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیل کا ایران پر حملہ، وائٹ ہاؤس کا اہم بیان
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں نے جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا۔ ان علاقوں میں عیترون، عیتا الشعب، النبطیہ، شوکین اور دیگر شامل ہیں۔