راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں 19 سالہ کیڈٹ نے خوارج کا مسجد پر حملہ ناکام بناتے ہوئے وطن عزیز پر جان قربان کر دی۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج نے ضلع لکی مروت میں نماز مغرب کے دوران مسجد پر حملہ کیا جس میں کیڈٹ عارف اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے اور کئی نمازیوں کی جانیں بچا لیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ مسجد میں نمازیوں پر حملہ کرنے کا بزدلانہ فعل خوارج کے حقیقی نظریے کی عکاس ہے، نوجوان کا بہادرانہ عمل دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلیے سکیورٹی فورسز کے عزم کا ثبوت ہے، ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
عارف اللہ کی عمر 19 سال تھی جو آبائی شہر لکی مروت چھٹی پر آئے ہوئے تھے۔ نوجوان پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں زیرِ تربیت تھے۔
انہوں نے سوگواران میں والدین، 4 بھائی اور 4 بہنیں چھوڑے۔ شہید کے بھائی بھی پاک آرمی میں دفاع وطن کا فریضہ انجام دے رہے ہیں، انہوں نے نہتے ہوتے ہوئے بھی دہشتگردوں کا بھرپور مقابلہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے عارف اللہ کو خراج عقیدت کرتے ہوئے شہید کے بلند درجات اور اہل خانہ کیلیے صبر کی دعا کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ عارف اللہ نے نمازیوں پر حملہ ناکام بنا کر بہادری کی مثال قائم کر دی، چھٹی پر آئے زیر تربیت نوجوان سے گوارہ نہ ہوا کہ معصوم شہری دہشتگردی کا نشانہ بنیں، پاک فوج کے اس جذبہ حب الوطنی اورمٹی سے عہد وفا کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو اندازہ ہو جانا چاہیے کہ وہ کن جری جوانوں سے ٹکرانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، شہید کی فرض شناسی اور لگن نوجوان نسل کیلیے مشعل راہ ہے، شہید اور ان کے اہل خانہ مجھ سمیت پوری قوم کا فخر ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، بہادر جوانوں کے ہوتے ہوئے دہشتگرد انتشار پھیلانے میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔