Light
Dark

وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار کا پولیو کے عالمی دن پر پیغام

وزیر داخلہ قانون و پارلیمانی امور ضیاءالحسن لنجار نے پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ “پولیو جیسی مہلک بیماری کے خلاف جنگ میں کامیابی ہماری قومی ترجیح ہونی چاہیے، تاکہ ہر بچہ محفوظ ہو۔”

انہوں نے مزید کہا کہ “حکومت سندھ پولیو کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور والدین کو بھی اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔” انہوں نے پولیو ویکسین کو ہر بچے کا حق قرار دیتے ہوئے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کے مستقبل کی حفاظت کے لیے اس مہم میں بھرپور حصہ لیں۔

وزیر داخلہ نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ “پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔” انہوں نے پولیو ویکسینیشن مہم کی تاریخوں کا اعلان کیا، جو 28 اکتوبر سے 3 نومبر تک جاری رہے گی۔

لنجار نے زور دیا کہ “پولیو ویکسینیشن مہم کے ذریعے ہم اپنی آنے والی نسلوں کو معذوری سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔” انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ “پولیو کا مکمل خاتمہ معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہمیں مل کر اس وائرس کو جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔”

انہوں نے شہید بے نظیر بھٹو کے خواب کا ذکر کرتے ہوئے کہا، “پولیو فری پاکستان کا خواب تبھی شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے جب ہر شخص اس مقصد میں اپنا کردار ادا کرے۔” آخر میں، انہوں نے سندھ سمیت پورے پاکستان کے طبی عملے کو سلام تحسین پیش کیا۔