Light
Dark

کثیر القومی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ

اسلام آباد : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کے دورے میں کثیر القومی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ کیا اور جنگی تیاریوں پراطمینان کااظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں خطے کی سب سے بڑی ملٹی نیشنل فضائی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا انعقاد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس کا دورہ کیا ،ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو نے ان کا استقبال کیا۔
آرمی چیف کا کثیر القومی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ،جنگی تیاریوں اور اپ گریڈیشن پیش رفت پر اظہار اطمینان
آرمی چیف نے کثیر القومی مشق انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ کیا۔ نیول چیف نوید اشرف بھی انڈس شیلڈ 2024 کا مشاہدہ کرنے کیلئے موجود تھے۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کی جنگی تیاریوں ، جدت پسندی کے حصول اور اپ گریڈیشن کے مختلف پروگراموں پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بعد ازاں انہوں نے مشقوں کے مختلف آپریشنزبشمول فضائی مظاہرے اورجدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے مختلف امور کی انجام دہی کا مشاہدہ کیا ۔
جنرل سید عاصم منیر کو درپیش سیکیورٹی چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کیلئے پاک فضائیہ کی کاوشوں کے بارے میں بتایا گیا اور اس موقع پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے دلکش فضائی کرتب دکھائے۔
جنرل سید عاصم منیر نے فضائی عملے سے بھی بات چیت کی اور پاکستان کی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کے عزم کو سراہا۔
انہوں نے انٹر سروسز تعاون کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے قرار دیا کہ آپریشنل کامیابی کے حصول کے لیے آپسی تعاون انتہائی ضروری ہے۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے آرمی چیف کے دورے پر ان سے اظہار تشکر کیا، اور تربیت اور آپریشنل دونوں حوالوں سے فوج اور فضائیہ کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ائیر چیف نےجنرل سید عاصم منیر کو جدید ترین ہتھیاروں کے نظام کی شمولیت کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔
ائیر چیف کا کہنا تھا کہ جاری مشق انڈس شیلڈ 2024 حصہ لینے والے ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے اہم کردار ادا کرے گی اور فضائی اور زمینی عملے کو عصری جنگی چیلنجوں کا سامنا کرنے کی تربیت کا موقع فراہم کرے گا۔