Light
Dark

سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کی بدولت پاک سعودی تعلقات کا نیا دور شروع

ریاض : سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں کی بدولت پاک سعودی تعلقات کا نیا دور شروع ہوا ہے۔
یہ بات انہوں نے ریاض میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی ان کا کہنا تھا کہ دونوں مملاک کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں سے پاکستان کی معیشت پر مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب پاکستان میں توانائی، معدنیات، زراعت اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے۔
احمد فاروق نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی ایکسپورٹ میں چالیس فیصد اضافہ ہوا ہے، پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں سعودی عرب میں فروغ پا رہی ہیں، جس سے پچاس فیصد ریونیو میں اضافہ ہوا ہے۔
اس کے علاوہ پرائیویٹ سیکٹر کی مصنوعات کو وسعت دینے اور براہ راست ایکسپورٹ کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہنر مند افرادی قوت کو بڑھانے پر بھی توجہ دی جارہی ہے، کوشش ہے کہ پاک سعودی تعلقات کو مزید فروغ دیا جائے جس کے لیے ثقافت، ادب، فلم، ٹی وی اور دیگر امور کو بڑھایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں سعودی عرب کی میگا پاور اور تعمیراتی کمپنی الفنار کے سی ای او صباح المطلق نے کہا تھا کہ ہم اپنے آنے والے منصوبوں میں مزید پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔
صباح المطلق کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستانی افرادی قوت کے اعلیٰ معیار اور سعودی عرب میں ان کے تعاون سے بے حد متاثر ہیں۔