Light
Dark

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آ ل پارٹیز حریت کانفرنس کے پانچ رکنی وفد سے ملاقات کی

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آ ل پارٹیز حریت کانفرنس کے پانچ رکنی وفد سے ملاقات کی، جس میں وفد کے کنوینر غلام محمد صافی، ایڈووکیٹ پرویز شاہ، حمید لون، اعجاز شاہ اور مجاہد شیخ شامل تھے۔ اس ملاقات میں صوبائی وزراء سعید غنی اور ضیاء الحسن لنجار بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے کو ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کشمیر کے معاملے پر اتنی بلند آواز اٹھائی کہ اقوام متحدہ کو قرارداد منظور کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔

سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آ ل پارٹیز حریت کانفرنس کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں حیثیت دلائی، اور ان کی قیادت میں پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔

وفد کے رہنماؤں نے 27 اکتوبر کو ہونے والے اپنے پروگرام میں پیپلز پارٹی کو شرکت کی دعوت دی۔ یاد رہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے کشمیر میں اپنی فوج کشی کی تھی۔ حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صافی نے بتایا کہ وہ اس دن کی یاد میں ایک بڑا پروگرام منعقد کرنا چاہتے ہیں، اور پیپلز پارٹی کے ساتھ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی مدعو کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حریت کانفرنس کے پروگرام میں بھرپور شرکت کرے گی اور انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔