کورنگی پولیس نے ڈھائی نمبر باکری پمپ کے قریب ڈکیتوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایس ایچ او کورنگی ملک عامر اور چوکی انچارج فیصل رحیم معمول کی گشت پر تھے۔
پولیس کی جانب سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈکیت، جس کی شناخت احسان علی ولد محمد اکبر کے نام سے ہوئی، گرفتار ہوا۔ ملزم کا ساتھی 125 موٹرسائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول، چھینے گئے موبائل فونز، دو پرس، اور 10 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے۔ زخمی ڈکیت کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، اور اس کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔
ایس ایس پی کورنگی کامران خان کی ہدایت پر اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لیے پولیس گشت میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔