Light
Dark

بالی وڈ اداکار نواز الدین سے موازنے پر سلیم معراج کا دلچسپ ردعمل، قصہ بھی سنادیا

پاکستان شوبز انڈسٹری کے کامیاب اداکار سلیم معراج نے  بھارتی اداکار  نوازالدین صدیقی سے موازنے پر دلچسپ ردعمل کا اظہار کیا۔

سلیم معراج نے حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی جہاں اداکار نے نوازالدین صدیقی کے ساتھ اپنے موازنے پر کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا میرا موازنہ نوازالدین صدیقی کے ساتھ کیوں کیا جاتا ہے؟ وہ ایک ٹیلنٹڈ اداکار ہیں لیکن مجھے موازنہ کرنے کا مقصد سمجھ نہیں آتا۔

انہوں نے ایک قصہ سناتے ہوئے مزید کہا کہ ایک بار میں پاسپورٹ آفس میں پاسپورٹ بنوانے گیا تو لائن میں کھڑا تھا، برابر والی قطار خواتین کی تھی جس میں سے دو خواتین مجھے بار بار دیکھ رہی تھیں اور دونوں نے آپس میں بات کرتے ہوئے بولا کہ رات کو جو ہم نے فلم ‘ بجرنگی بھائی جان’ دیکھی تھی تو وہ یہ ہی نوازالدین ہے۔

سلیم معراج نے بتایا کہ وہ خواتین بھی مجھے نوازالدین صدیقی سمجھ رہی تھیں، میں نوازالدین کے ٹیلنٹ کا احترام کرتا ہوں لیکن یہ نہیں سمجھتا کہ ان کی شکل یا اداکاری کے انداز میں کوئی مماثلت ہے یا نہیں۔