فیک نیوز کیا ہے؟
فیک نیوز یا غلط خبر کی اصطلاح جھوٹی، گمراہ کن، یا فریب پر مبنی خبروں کو بیان کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ خبریں ارادی یا غیر ارادی طور پر پھیلائی جا سکتی ہیں اور ان کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا، کسی خاص نظریے یا مفاد کو فروغ دینا، یا کسی فرد، گروہ، یا ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہو سکتا ہے لیکن واضح رہے کہ اردو میں’ غلط خبر’ یا ‘جھوٹی خبر’کی ترکیب ان تمام باتوں کا احاطہ نہیں کرتی جس طرح کہ ‘فیک نیوز’ کی جامع اصطلاح کرتی ہے۔
مختلف میڈیا دانشوروں اور ماہرین نے فیک نیوز کی مختلف تعریفیں کی ہیں۔ ان میں سے چند معروف دانشوروں اور ماہرین کی تعریفیں قارئین کی نذر ہیں:
کلیئر وارڈل :Claire Wardle، فرسٹ ڈرافٹ کی شریک بانی ہیں۔ وہ فیک نیوز کی مختلف اقسام بیان کرتی ہیں۔ ان کے مطابق، فیک نیوز صرف جھوٹی خبروں تک محدود نہیں بلکہ یہ گمراہ کن معلومات، غلط معلومات، اور افواہوں پر بھی مشتمل ہو سکتی ہے۔ وہ فیک نیوز کی تین اقسام بیان کرتی ہیں: ”Misinformation, Disinformation, and Malinformation”
مس انفارمیشن: ان کے بہ قول یہ غیر ارادی طور پر پھیلائی جانے والی غلط اطلاع ہے۔
ڈس انفارمیشن:یہ جان بوجھ کر پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات ہیں۔
مل انفارمیشن: مذموم مقاصد کی حامل نامکمل یا ناقص معلومات، جو نقصان پہنچانے کے لیے پھیلائی جاتی ہیں۔
ڈیوڈ ایم جے لیزر :
ڈیوڈ لیزر اور ان کے ساتھی محققین نے اپنی تحقیق میں فیک نیوز کی یہ مختصر تعریف کی ہے: “False information that is spread, regardless of intent to mislead” ۔ ان کے مطابق، فیک نیوز کا مقصد لوگوں کو گمراہ کرنا، کسی خاص نظریے کو فروغ دینا، یا کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہو سکتا ہے . البتہ ان کے نزدیک یہ ضروری نہیں کہ یہ غلط معلومات کسی کو گم راہ کرنے کے ارادے سے ہی پھیلائی جائیں۔
کیتھلین ہال جیمسن
امریکا کی پنسلوینیا یونیورسٹی میں Annenberg Public Policy Center کی ڈائریکٹر کیتھلین ہال جیمسن فیک نیوز کو “Deliberately fraudulent information that mimics the look and style of legitimate news” کے طور پر بیان کرتی ہیں۔ ان کے مطابق، فیک نیوز وہ مواد ہے جو جان بوجھ کر دھوکا دہی کے لیے تیار کیا جاتا ہے اور اسے حقیقی خبرکی شکل میں پیش کیا جاتا ہے۔
ہنٹ آلکاٹ اور میتھیو گینزکو ( Allcott اور (Gentzkow نے فیک نیوز کی تعریف “News articles that are intentionally and verifiably false, and could mislead readers” کے طور پر کی ہے۔ ان کے مطابق، فیک نیوز وہ خبریں ہیں جو ارادی، جانی بوجھی اور قابلِ تصدیق جھوٹ ہوتی ہیں اور قارئین کو گمراہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
جے سن ہیری سن نے فیک نیوز کو”A form of Post-Truth Politics” کا نام دیا ہے اور کہا ہے کہ جھوٹی خبریں اور معلومات سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ ان کے مطابق، فیک نیوز جدید دور کی سیاست کا حصہ بن چکی ہے جہاں حقیقت اور جھوٹ میں تمیز مشکل ہو گئی ہے۔
وارڈل اور درخشاں ( کونسل آف یورپ رپورٹ )
Wardle اور Derakhshan نے اس رپورٹ میں فیک نیوز کو “Information Disorder” کے طور پر بیان کیا ہے اور اس کی تین اقسام بیان کی ہیں۔ان کا مذکورہ بالا سطور میں بھی ذکر آیا ہے لیکن یہاں ان اقسام کی تعریف میں کچھ مزید صراحت کی گئی ہے:
Misinformation: غیر ارادی طور پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات۔
Disinformation: جان بوجھ کر پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات۔
Malinformation: ناقص معلومات، جو نقصان پہنچانے کے لیے پھیلائی جاتی ہیں۔
ان تعریفوں سے واضح ہوتا ہے کہ فیک نیوز کا مسئلہ بہت پیچیدہ ہے ،اس کی مختلف شکلیں ہو سکتی ہیں اور انھیں مختلف سیاسی ومذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے اور کیا جاسکتا ہے۔
فیک نیوز کی مختصر تاریخ
فیک نیوز غلط یا گمراہ کن معلومات کو اصل خبر کے طور پر پیش کرنے کی ایک شکل ہے۔ یہ صدیوں سے موجود ہے، لیکن ہمہ نوع ٹیکنالوجی کی روز افزوں ترقی ، خاص طور پر سوشل میڈیا کے عروج کے ساتھ، اس کے پھیلاؤ اور اثر پذیری میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔