اسلام آباد : پاکستان 15 سے 16 اکتوبر اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کے 23ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کی میزبانی کیلئے تیار ہے، 2 روزہ ایس سی او سربراہ اجلاس کا آغاز ہورہا ہے۔
15 اور 16 اکتوبرکو ہونے والے اجلاس کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور اسلام آباد کو مہمانوں کے استقبال کیلئے سجا دیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او اجلاس کی صدارت کریں گے، روس کے وزیراعظم میخائل مشوستن اور چین کے وزیراعظم لی چیانگ کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں بھارت کےوزیرخارجہ جےشنکر ، ایران کے اول نائب صدر محمد رضاعارف ، کرغستان کے وزرا کابینہ کے چئیرمین ژاپاروف اکیل بیک، تاجکستان کے وزیراعظم کوہر رسول زادہ، ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ اریپوف شریک ہوں گے۔
ایس سی او سیکرٹری جنرل جانگ منگ، منگولیا کے وزیراعظم اويون اردين لويسنامسراي، ترکمانستان راشد میرید وف ڈپٹی چئیرمین کابینہ وزرا بھی ایس سی او اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ ایس سی او بزنس کونسل کے چئیرمین عاطف اکرام شیخ اور ایس سی او انٹر بینک یونین کے کونسل چئیرمین مارات ییلی بائیف ایس سی او اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ایس سی او کے علاقائی انسداد دہشتگردی ڈھانچے کے ڈائریکٹر ایگزیکٹو رسلان مرزائیف بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔