کراچی: سندھ پولیس کی ٹریننگ میڈیکل پالیسی 2024 کو صحت مند اور توانا پولیسنگ کے عمل کو نافذ کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس پالیسی کا مقصد پولیس فورس میں صحت مند ماحول کو فروغ دینا، تندرست اہلکاروں کو آگے لانا، اور تربیت کے عمل میں حفظان صحت کے اصولوں کو لاگو کرنا ہے۔
حال ہی میں نجی چینل پر اس پالیسی کی خبر کو حقائق کے خلاف پیش کیا گیا، جس میں اس کی اصل روح کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ یہ بات واضح کی گئی ہے کہ میڈیکل پالیسی کا اہلکاروں اور افسران کی ترقی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ پالیسی نہ صرف صحت اور معاشرتی برائیوں کی روک تھام کے لیے اہم ہے، بلکہ یہ جرائم کے خلاف پولیس انتظامات کو موثر بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ سندھ پولیس اپنے شہداء اور غازیوں کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کا بھی بھرپور خیال رکھتی ہے، اور ایک صحت مند پولیس فورس حکومت کی ترجیح ہے۔
ٹریننگ میڈیکل پالیسی میں 10 ضروری اقدامات شامل ہیں، جو مستعد، شائستہ اور مکمل طور پر تیار پولیس فورس کی تشکیل کے لیے ہیں۔ اس کے تحت صرف انہی اہلکاروں کو تربیتی کورسز کے لیے منتخب کیا جائے گا جو ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ ہوں گے۔
پالیسی میں ٹرینیز کی صحت کی مسلسل مانیٹرنگ کے لیے ایک اسٹرکچر فریم ورک تیار کیا گیا ہے، اور ہر تربیتی مرکز پر طبی مراکز کے قیام کے تحت بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
یہ پالیسی احتسابی میکنزم، جیسے کہ بورڈ آف انکوائری، کو بھی شامل کرتی ہے، جو مختلف معاملات کی انکوائری کرے گی اور مستقبل کے لیے سفارشات پیش کرے گی۔
ہر ٹرینی اپنی صحت سے متعلق حلف نامہ جمع کرائیں گے، اور کسی بھی صحت کی خرابی کی صورت میں فوری طور پر ان کی فیملی کو آگاہ کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ، تربیتی مراکز میں اموات کی انکوائری کے لیے بورڈ آف انکوائری قائم کیا جائے گا، جو کہ سات روز کے اندر رپورٹ فراہم کرنے کا پابند ہوگا۔