Light
Dark

رتن ٹاٹا اسپتال میں کچھ روز زیر علاج رہنے کے بعد چل بسے

معروف بھارتی کاروباری گروپ ’ٹاٹا‘ کے سربراہ رتن ٹاٹا اسپتال میں کچھ روز زیر علاج رہنے کے بعد چل بسے۔
ٹاٹا سنز کے اعزازی چیئرمین رتن ٹاٹا کو دو روز قبل طبیعت کی ناسازی کے باعث تشویش ناک حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا ان کی عمر 86 برس تھی۔
ارب پتی تاجر رتن ٹاٹا 28 دسمبر 1937 کو پیدا ہوئے۔ وہ 1991 سے 2012 تک ٹاٹا گروپ کے چیئرمین رہے اور اس دوران انہوں نے کاروباری شعبے میں بہت سے ریکارڈ قائم کیے اور ٹاٹا گروپ کو بلندیوں تک پہنچایا۔
قبل ازیں بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپتال میں داخلے کے حوالے سے چند گھنٹے بعد رتن ٹاٹا نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی عمر اور متعلقہ طبی حالات کی وجہ سے ان کا باقاعدگی سے طبی معائنہ کیا جا رہا ہے جس میں روٹین کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ رتن ٹاٹا بھارت کے صنعتی شعبے کی ایک معروف شخصیت ہیں، وہ 1991 میں گاڑیوں اور اسٹیل کی صنعت سے منسلک ٹاٹا گروپ کے چیئرمین بنے تھے اور وہ 2012 تک اس منصب پر فائز رہے۔
اس دوران انہوں نے ٹاٹا گروپ کو وسعت دیتے ہوئے دیگر شعبوں میں بھی کاروبار کا آغاز کیا، ان ہی کی قیادت میں ٹاٹا موٹرز نے ایک ایسی گاڑی بھی متعارف کروائی جسے دنیا کی سستی ترین گاڑی کہا گیا۔
سال 2012میں ٹاٹا گروپ کے چیئرمین کے عہدے سے سبکدوش ہونے کے بعد انہیں ٹاٹا سنز، ٹاٹا انڈسٹریز، ٹاٹا موٹرز، ٹاٹا اسٹیل اور ٹاٹا کیمیکلز کا چیئرمین ایمیریٹس بنایا گیا۔