Light
Dark

مجھے اپنے کسی غلط فیصلے پر پچھتاوا نہیں: نوین وقار

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نوین وقار نے کہا ہے کہ مجھے اپنے کسی غلط فیصلے پر پچھتاوا نہیں۔

حال ہی میں اداکارہ نوین وقار نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے کیریئر، نجی زندگی سمیت مختلف امور پر کھل کر بات کی۔

دوران انٹرویو پروگرام میں موجود شرکاء میں سے ایک مداح نے اداکارہ سے سوال پوچھا کہ کیا کبھی ماضی میں کیے گئے کسی غلط فیصلے پر پچھتاوا ہوا؟ مداح کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں پر پچھتاوا نہیں بلکہ افسوس ہوتا ہے۔

ڈرامہ سیریل ہمسفر سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ نے مزید کہا کہ غلطیوں پر پچھتاوا ہونا بھی نہیں چاہیے کیونکہ آپ اپنی غلطیوں سے ہی سیکھتے ہیں۔

نوین وقار نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی غلطی سے سبق حاصل کر لیا تو اس پر پچھتانا کیسا؟ اگر آپ وہ سبق نہیں سیکھتے تو آپ وہی غلطی دہراتے رہتے ہیں، اس لیے مجھے اپنے کسی غلط فیصلے پر پچھتاوا نہیں ہے۔