Light
Dark

حکومت نے 6 وفاقی وزارتیں ختم جب کہ 2 کو دیگر وزارتوں میں ضم کرنے کا فیصلہ

حکومت نے 6 وفاقی وزارتیں ختم جب کہ 2 کو دیگر وزارتوں میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 6 وزارتوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس پر عملدرآمد کیا جائے گا جب کہ دو وزارتوں کو ضم کیا جا رہا ہے۔ قوم کی امیدوں پر پورا اتریں گے اور سرکاری اداروں میں اصلاحات لائیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں فائلرز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں تعداد دگنی ہوگئی ہے۔ اس سال 7 لاکھ 23 ہزار نئے فائلرز ٹیکس نیٹ میں شامل ہوئے ہیں جس کے بعد یہ تعداد 1.6 سے بڑھ کر 3.2 ملین تک پہنچ گئی ہے۔دیکھیں گے فائلرز نے کیا ظاہر کیا اور اصل اثاثے کیا ہیں جب کہ نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں۔ وہ نہ پراپرٹی خرید سکیں گے اور نہ ہی گاڑیاں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں بھی اصلاحات کی ضرورت ہیں۔ ڈیڑھ لاکھ خالی آسامیوں کو ختم کر دیا گیا ہے اور 60 فیصد خالی پوسٹیں کابینہ کی منظوری سے ختم کیں۔ ٹیکس کلیکٹر کے لیے سخت احتسابی عمل ہوگا۔ آڈٹ کیپسٹی کو بڑھانا ہے اور وزیراعظم نے بھی ٹیکس کے حوالے سے ایف بی آر کو واضح ہدایات کر دی ہیں۔