کراچی: مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری کی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا شہری دم توڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر رانگ وے آنے والی ریوو سے شہری کو کچل دیا گیا تھا، نون لیگی جنرل سیکرٹری کی گاڑی سے ٹکرانے والا شہری دوران علاج آج انتقال کرگیا۔
شہری اطہر پانچ روز سے اسپتال میں زیر علاج تھا، متوفی کے ایم ڈی سی ایڈمن بلاک میں ملازمت کرتا تھا، اطہر دو بچوں کا باپ اور گلشن معمار کا رہائشی تھا، منگل کے روز سفید ریوو نے موٹر سائیکل سوار اطہر کو کچلا تھا۔
کار ن لیگی جنرل سیکریٹری یوتھ ریحان مصطفی چلا رہا تھا، کار میں ریحان مصطفی کا بہنوئی بھی موجود تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق دو لڑکیاں بھی موجود تھی جو حادثے کے بعد اتر کر فرار ہوگئیں جبکہ ملزمان شہری کو کچلنے کے بعد فورا فرار ہوگئے تھے۔
جب میڈیا پر یہ خبر نشر ہوئی تو ایس ایس پی ایسٹ نے نوٹس لیا اور مقدمہ ہوا، متوفی کے بھائی نے ملزم کی گاڑی کی نشاندھی اور ملزم کا گھر تک تلاش کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریحان مصطفی کے والد نے جان بوجھ کر پولیس کو گمراہ کیا، ریٹائرڈ ڈی ایس پی نے اپنے ملزم بھتیجے کو نا معلوم جگہ چھپا رکھا تھا۔