بھارت کے سابق کرکٹر یوراج سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی محبت میں مبتلا سپراسٹار اداکارہ ان کے پیچھے پیچھے آسٹریلیا پہنچ گئی تھی۔
لیجنڈ بھارتی کرکٹر نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ 2007-08 کے دورہ آسٹریلیا کے دوران میں بالی ووڈ کی ایک اداکارہ کو ڈیٹ کر رہا تھا، میں اس کا نام نہیں لوں گا، وہ اس وقت بہت اچھی اور بہترین اداکارہ ہے، وہ اس وقت ایڈیلیڈ میں شوٹنگ کررہی تھی۔
یوراج سنگھ نے کہا کہ میں نے ٹور کے دوران اس اداکارہ سے کہا کہ سنو ہم تھوڑے دنوں تک نہیں ملتے کیونکہ میں آسٹریلیا کے دورے پر ہوں اور کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنا ضروری ہے۔
سابق بھارت کرکٹر نے بتایا کہ ان باتوں کے باوجود بالی ووڈ کی وہ اداکارہ بس میں کینبرا تک میرے پیچھے آئی، میں نے اس سے پوچھا کہ تم یہاں کیا کر رہی ہو؟ اس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں آپ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتی ہوں۔
یوراج نے اداکارہ کا نام بتانے سے انکار کر دیا، تاہم افواہیں بڑے پیمانے پر گردش کر رہی تھیں کہ وہ اس وقت دیپیکا پڈوکون کو ڈیٹ کر رہے تھے، جنھوں نے 2007 میں بھارتی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا تھا۔
خیال رہے کہ یوراج سنگھ نے اپنے ٹیسٹ کیریئرمیں 40 بار بھارت کی نمائندگی کی ان کا ریڈ بال کیریئر ون ڈے کی طرح زیادہ کامیاب نہیں رہا، انھوں نے 2004 میں لاہور میں پاکستان کے ٹور کے دوران فائٹنگ سچنری اسکور کی تھی جبکہ ٹیسٹ میں ان کی اوسط 33.92 رہی۔
یوراج سنگھ کو بھارت کے اب تک کے بہترین آل راؤنڈرز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، موجودہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر تو یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ بھارت میں یوراج سنگھ سے زیادہ باصلاحیت کرکٹر اب تک پیدا نہیں ہوا۔
یوراج سنگھ اپنی جارح مزاجی کے باعث بھی مشہور تھے، انھوں نے انگلینڈ کے لیجنڈ فاسٹ بولر اسٹیورٹ براڈ کو اوور میں چھ چھکے لگانے کا بھی ریکارڈ قائم کیا تھا۔