حکومت کی شاہ خرچیاں، کابینہ ارکان کیلئے 24 کروڑ روپے کی 25 نئی گاڑیاں خرید لیں
وفاقی حکومت نے کابینہ ارکان کے لیے 24 کروڑ روپے کی 25 نئی ہونڈا سٹی گاڑیاں خرید لیں۔
نیوز کے مطابق ذرائع کابینہ ڈویژن نے بتایا کہ گاڑیاں وفاقی وزرا کو الاٹ کی جائیں گی، نئی خریدی گئی گاڑیاں متبادل کے طور پر استعمال کی جائیں گی۔
ذرائع کابینہ ڈویژن کے مطابق 25 نئی لگژری گاڑیوں کی مالیت 24 کروڑ روپے ہے، حکومت نے 1500 سی سی ہونڈا سٹی گاڑیاں خریدی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 25 نئی سرکاری گاڑیاں کابینہ ڈویژن کے پول کار میں پہنچ گئیں ہیں۔
ڈان نیوز کی طرف سے معاملے پر مؤقف جاننے کے لیے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو سوالنامہ بھیجا گیا، سیکریٹری کابینہ ڈویژن کامران افضل نے نئی گاڑیوں کی خریداری کی تصدیق کردی۔
سیکرٹری کابینہ ڈویژن نے مؤقف دیتے ہوئے بتایا کہ نئی گاڑیاں متبادل کے طور پر استعمال کی جائیں گی، گاڑیوں کی خریداری سے قبل کفایت شعاری کمیٹی کی منظوری لی گئی ہے۔