Light
Dark

گلہری نے شکار کیلئے آنیوالے تیندوے کو تگنی کا ناچ نچا دیا

گلہری نے شکار کے لئے آنے والے تیندوے کو تگنی کا ناچ نچا دیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر آئے روز نت نئی ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ جاتے ہیں، ایسی ہی ایک ویڈیو جنوبی افریقہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔

جنوبی افریقہ کے مالمالا پرائیوٹ گیم ریزرو کے ہیڈ رینجر پیئٹ وین نے یہ ویڈیو ریکارڈ کی اور اسے یوٹیوب پر شیئر کر دیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تیندوا، گلہری کا شکار کرنے کی کوشش کر رہا تھا جو درخت پر ایک شاخ سے دوسری شاخ پر دوڑ رہی ہے، جیسے جیسے تیندوا قریب آتا گلہری پتوں کے پیچھے چھپ جاتی تو کبھی درخت کے نیچے کی جانب آجاتی۔

تیندوے نے ایک بار پھر گلہری کو دیکھا تو اس پر جھپٹنے کی کوشش کی لیکن گلہری پھر اس سے بچ گئی اور تیندوا پھر ناکام ہوگیا۔

چند منٹوں تک یہ سلسلہ جاری رہا تو گلہری درخت سے نیچے بھاگی اور جھاڑیوں کی طرف جانے لگی، تیندوا بھی اس کا پیچھا کرتے ہوئے درخت سے نیچے اترا لیکن اس کا شکار کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔