بیرون ملک سفر کے لیے پاسپورٹ ایک لازمی دستاویز ہے۔ اس کے بغیر کسی بھی ملک میں داخل ہونا ممکن نہیں۔ پاکستان میں پاسپورٹ جاری کرنے کی ذمہ داری ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ پر عائد ہوتی ہے، جو شہریوں کی دستاویزات کی تصدیق اور مطلوبہ فیس جمع کروانے کے بعد پاسپورٹ جاری کرتے ہیں۔
پاسپورٹ نہ صرف بیرون ملک سفر کے دوران ایک شناختی ثبوت کے طور پر کام آتا ہے، بلکہ یہ شہریوں کو سفارتی تحفظ بھی فراہم کرتا ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متعلقہ حکام سے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔
نئے پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے کے لیے شہریوں کو اپنے قریبی پاسپورٹ آفس سے رجوع کرنا ہوگا۔ وہاں انہیں مطلوبہ فارم اور دیگر معلومات فراہم کی جائیں گی۔
پاکستان میں پاسپورٹ کی فیس مختلف اقسام کے لیے درج ذیل ہے:
36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ (میعاد 5 سال) کی نارمل فیس 4500 روپے اور ارجنٹ فیس 7500 روپے ہے۔ اگر آپ 36 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ (میعاد 10 سال) بنوانا چاہتے ہیں تو نارمل فیس 6700 روپے اور ارجنٹ فیس 11200 روپے ہوگی۔
72 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ (میعاد 5 سال) کی نارمل فیس 8200 روپے اور ارجنٹ فیس 13500 روپے ہے۔ اسی طرح، 100 صفحات پر مشتمل پاسپورٹ (میعاد 10 سال) کی نارمل فیس 12400 روپے اور ارجنٹ فیس 20200 روپے ہوگی۔
یہ فیس ستمبر 2024 تک برقرار رہے گی، اس لیے اگر آپ پاسپورٹ حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ضروری ہے کہ آپ وقت پر درخواست دیں۔ بیرون ملک سفر کے لیے اپنے پاسپورٹ کی تیاری کو یقینی بنائیں تاکہ آپ کی سفری منصوبہ بندی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔