اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف اہداف کو پورا کرنے کے لیے تنخواہ دار طبقے پر مزید بوجھ پڑا جس کا احساس ہے۔
مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ینگ پارلیمنٹیرینز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کو حتمی شکل دلوانے کے لیے بے پناہ کوششیں ہوئی ہیں، اہداف کو پورا کرنے کے لیے ٹیکس کے دائرہ کار کو وسیع بھی کیا گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کی رفتار برقرار رہی تو تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے وزیر خزانہ اور سیکریٹری نے شبانہ روز محنت کی، برادر ممالک اپنا حصہ نہ ڈالتے تو یہ پروگرام ملنا مشکل تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 32 فیصد سے کم ہوکر 9.6 فیصد ہوگئی ہے، پالیسی ریٹ میں 200 پوائنٹس کی کمی آئی ہے جس سے زراعدت برآمدکنندگان مستفید ہوں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ زرعی اجناس کی برآمد میں اضافہ حوصلہ افزا ہے، معاشی اشاریوں سے پتہ چلتا سمت درست ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سستی کا مظاہرہ نہیں کرنا دن رات محنت کرنی ہے، قوموں کی زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں، تاریخ گواہ ہے وہی قومیں کامیاب ہوئیں جنہوں نے حالات کا دھارا بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس موڑ پر ہے جہاں حالات کو بدلنے کا وقت آچکا ہے، وقت آگیا ہے کہ ہمیں یکسوئی اور واضح سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔