Light
Dark

غزہ کے مسلمانوں کی مصیبتیں عالمی اتحاد کی کھلم کھلا تضحیک ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ کے مسلمانوں کی مصیبتیں عالمی اتحاد کی کھلم کھلا تضحیک ہیں،نئے عالمی چیلنجز اور بڑھتی ہوئی کشیدگیوں سے دنیا منقسم ہونے کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو متحد کرنے کیلئے مساوات اور انصاف ضروری ہے، غزہ کے لوگوں کے حالت زار میں اس اجتماعیت کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، موسمیاتی تبدیلی پر غیر سنجیدگی عالمی اتحاد میں رکاوٹیں ہیں، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے عالمی معاشی ڈھانچے کی اصلاحات ضروری ہے۔

عالمی برداری کو ترقیاتی سرمایہ کاری کے جدید طریقوں کے بارے میں سوچنا ہوگا، ہمیں دنیا کو ٹیکنالوجی کے غلط استعمال سے بھی محفوظ رکھنے کی ضرورت ہے، نا انصافی اور عدم مساوات مقامی اور بین الاقوامی سطح پر برے عناصر کو استحصال کا موقع دیتے ہیں۔

اقوام متحدہ کی سمٹ آف دی فیوچر سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگوں کے حالت زار میں اس اجتماعیت کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجتماعیت کا یہ تصور غریبوں کے لیے بڑھتے ہوئے بوجھ، بڑھتی ہوئی غربت کے سبب دھند لا جاتا ہے، ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی عدم مساوات، عدم برداشت، دہشت گردی کے پر تشدد واقعات، غیر قانونی غیر ملکی قبضے نیز ماحولیاتی تبدیلیوں کے مطابق ڈھالنے کے ضمن میں جانبدارانہ طرز عمل سے اجتماعیت کا تصور دھند لارہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فریم ورک میں نمایاں اصلاحات کی ضرورت ہے، اس مقصد کے لیے بہتر رعایتی فنانسنگ، سرکاری ترقیاتی امداد میں اضافہ اور کثیر جہتی ترقیاتی بینکوں کی جانب سے زیادہ قرضوں کی فراہمی کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سب سے پہلے ہمیں قرضوں سے نمٹنے کے لیے اختراعی مالیاتی حل نکالنے کی ضرورت ہے جس میں واجب الادا قرضوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے استعمال کی اجازت اور قرضوں کی مساوانہ معافی شامل ہے، ٹیکنالوجی میں شدت ترقی کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے۔