مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت نے جمہوریت کا جنازہ دھوم دھام سے نکال دیا، جعلی حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، کل رات جو کچھ ہوا وہ بدترین ڈکٹیٹر شپ میں بھی نہیں ہوا، دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ پولیس نے پارلیمنٹ پر حملہ اور پارلیمنٹرین کی گرفتاریاں کیں، کیا سب کچھ اسپیکر قومی اسمبلی کے حکم پر کیا گیا؟ جمہوریت پر جو حملہ ہوا، اس کا جواب دینا ہوگا ایسے رویوں سے گھبرانے والے نہیں۔
بیرسٹر سیف کا بیان
اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ کل رات جعلی حکومت نے جمہوریت کا جنازہ بڑی دھوم دھام سے نکال دیا، جعلی حکومت جتنی بھی فسطائیت کرے پی ٹی آئی ڈٹ کر مقابلہ کرے گی، جعلی حکومت کی فسطائیت پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کو مزید تقویت بخشتی ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ اسلام آباد کے ایوانوں میں رات بھر لاقانونیت راج کرتی رہی، پارلیمنٹ پر شب خون مارکر بے توقیری کی گئی، پارلیمنٹ سے معزز اراکین کو اٹھاتے رہے جبکہ اسپیکر ہاتھوں پہ ہاتھ رکھ کر تماشا دیکھتے رہے، کل رات جوا ہوا وہ کبھی بدترین ڈکٹیٹرشپ میں بھی نہیں ہوا۔