لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بلٹ ٹرین، میٹرو بسیں اور ہر ضلع میں الیکٹرک بسیں چلانا چاہتے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چین کی وہیکل کمپنی کے چیئرمین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں گرین ٹرانسپورٹ سسٹم پراجیکٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب بھر میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں چلانے کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں ایک ہزار الیکٹرک بسوں سے پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے الیکٹرک وہیکلز کی مینوفیکچررنگ کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی اور بتایا کہ پانچ سال میں بڑے شہروں میں اینڈ ٹو اینڈ گرین ٹرانسپورٹ سسٹم لانچ کیا جائے گا۔
اجلاس میں پنجاب میں الیکٹرک ٹو وہیلر، تھری وہیلر کی مینوفیکچرنگ کے لیے تمام تر سہولتیں اور تعاون پر اتفاق کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ بڑے شہروں کے عوام کے لیے مکمل گرین ٹرانسپورٹ سسٹم چاہتے ہیں، ٹریفک جام بہت بڑا مسئلہ ہے، ماحولیاتی آلودگی بھی بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کے بہت سے ایریاز میں ٹرانسپورٹ سسٹم کی ضرورت ہے، پنجاب کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو مکمل طور پر ری ڈیزائن کرنا چاہتے ہیں۔