کیاہم ایسی دنیا میں رہتے ہیں جہاں مادے سے ہٹ کر بھی ماورائی عجائبات کا راج ہے؟ یا پھر کچھ ایسے لوگ ہیں جن کے اوپر رحمت ِ باری کاخاص کرم ہے جوہمیں مجبور کرتاہے کہ ہم خدا وند ِ متعال کے وجود کا اقرار ببانگ ِ دہل کریں۔اور ایسا ہر جگہ ہر ملک ہر سرزمین پر دکھائی پڑتا ہے۔ہم بات کررہے ہیں حالیہ دور کی ایک اہم افسانوی شخصیت کی جس نے نہ صرف ریاست ہائے متحدہ امریکہ بلکہ پوری دنیا میں امید اورمسرتیں پھیلانے کا اپنی دانست میں ٹھیکہ ہی لے رکھا ہے۔
مسٹر بیسٹ کوئی پراسرار شخصیت نہیں ہے،وہ تو بس انسان دوست اور اپنے شاندار آئیڈیاز اور حکمت عملی کے ساتھ زندگیوں کو بدلنے اور ناممکن کو ممکن بنانے کے لئے سرگرم ِ عمل ہے۔اس کے سونے جیسے دل میں اس دنیاسے پیار بھر ا ہوا ہے اور اسی باعث تجسس وحیرت سے بھرے اس کے دماغ نے جمی ڈونلڈسن کو بہت جلد مسٹر بیسٹ بنانے میں اہم ترین کردا ر ادا کیا ہے۔دنیا کا سب سے بڑا اور سب سے کم عمریو ٹیوبرجس نے آغازِ نوجوانی میں ہی اپنے اندر پوشیدہ جادوئی صلاحیتوں کو دریافت کر لیاتھا، دولت اور وسائل کو محض ایک سوچ کے ذریعے وسیلہ بنا کرانسانوں کے درمیان تفریق کوختم کرنے کا عہدکرتے ہوئے احسان اور سخاوت کی ترویج کو حقیقی انسانی روایت کے رنگ میں ڈھال دیا۔
مسٹر بیسٹ کی لاثانی طبیعت نے اپنی شاندار صلاحیتوں سے کام لیتے ہوئے ضرورت مندوں انسانوں کو حیران اور پھر خوش کرنے کے لیے انوکھے رنگ وروپ اختیار کئے اور ان اجنبیوں کی خواہشات کی تکمیل میں اپنا حصہ ڈالاجو بس رشتے میں اس کے بھائی بہن ابنِ آدم وبنت ِ آدم تھے۔اس نے فلاحی و خیراتی کاموں کے لئے ادارے تشکیل دیئے۔اس طرح کے ادارے کہ اس کے اعمال اس افسانہء زندگی کی زیب وزینت بن گئے جیسے چھپر پھاڑ کر آسمان سے خزانے طلب کیے گئے ہوں۔
چھبیس سال کی عمر میں مسٹر بیسٹ(جمی ڈونلڈسن)کے پاس یوٹیوب پر سب سے زیادہ سبسکرائبرز کا ریکارڈ ہے،عظیم ورلڈ لیول رسالے فوربس کے مطابق، دوہزار بائیس میں وہ سالانہ چوون ملین ڈالر کما رہا تھاجس میں بیشتر اس کی یوٹیوب ویڈیوز پر اشتہارات کی رقوم تھیں۔مسٹر بیسٹ کی ویڈیوزجن میں سے بہت سے وائرل اسٹنٹ اور چیلنجز یا بڑے پیمانے پر تحفے شامل ہوتے ہیں ان کی تیاری بڑے پیمانے پر انجام دی جاتی ہے اور ان پر خطیر رقوم خرچ ہوتی ہیں۔
مسٹر بیسٹ کی سب سے مشہور اور سب سے مہنگی ویڈیوز میں سے ایک جو کہ بنائی گئی تھی وہ نیٹ فلکس شو اسکوئیڈ گیم کی حقیقی زندگی کی تفریح وتشریح تھی۔ اسے یوٹیوب پر چھ سو سینتالیس ملین سے زیادہ ویو زملے اور اس کی تیاری پر جو لاگت آئی تین اعشاریہ پانچ ملین تھی۔مبینہ طور پر وہ سالانہ دسیوں ملین ڈالر کماتا ہے، اس کی ایک بین الاقوامی فلاحی تنظیم ہے اور اسے عام طور پر یوٹیوب پر دوسرے یو ٹیوبرز کے مقابلے میں کہیں زیادہ مثبت تاثرکے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔
ہمارے پاس مسٹر بیسٹ کی انسان دوستی کے مزید مستند حوالے بھی موجود ہیں جیسا کہ برطانوی اخبارگارڈین نے پہلے اطلاع دی تھی کہ وہ اپنی کمائی کا زیادہ تر حصہ اپنی ویڈیوز کے ساتھ ساتھ خیراتی کاموں میں صرف کرتاہے۔جہاں تک مسٹر بیسٹ(جمی ڈونلڈسن)کے یو ٹیوب پر کام کرنے اور حکمت عملی اختیار کرنے کا معاملہ ہے کوئی چیز بھی دنیا کی نگاہوں سے پوشیدہ نہیں ہے یوٹیوب ویڈیوز بنانے کے حوالے سے اپنی زندگی وقف کرنے کا اعادہ وہ بارہا کرتارہا ہے اور وہ اپنی حقیقی کامیابی کا سہرا یوٹیوب الگورتھم کے بغور مطالعہ کو دیتا ہے کہ اس نے اسی بغور مطالعہ سے جانا ہے کہ کون سا کام کس طرح کرنا ہے۔
اس کے علاوہ وہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کے تجزیات پر بھی گہری نظر رکھتا ہے تاکہ یہ جانا جا سکے کہ اب کیا کام کرنا چاہیے۔ مزید برآں یہ کہ وہ اپنے اصل یعنی کم عمر ناظرین کی دلچسپیوں کا محور ومرکزبھی جانتا ہے اور ان موضوعات کو فوکس کرتا ہے جو ان کے دل کی آواز ہوتے ہیں۔درحقیقت مسٹر بیسٹ نے جس انسان دوست ایمپائر کی بنیاد رکھی ہے اسے دنیاوی وسائل کے ساتھ ماورائی حمایت بھی حاصل ہے کیونکہ اس کی اولین خواہش ایک ایسے وسیع نیٹ ورک کا قیام ہے جو دنیا کو ایک بہترنہیں بہترین جگہ بنانے کے لیے وقف ہے۔ اپنی بے لوث جدوجہد اور اٹل لگن کے ذریعے، مسٹر بیسٹ نے اہل دل مہربان افراد کی ایک نسل تیار کی ہے جو اس کے نقش قدم پر چلنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔