فلسطینی صدر محمود عباس سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
فلسطینی صدر سعودی عرب کے مختصر دورے پر ریاض پہنچ گئے جہاں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ریاض ریجن کے ڈپٹی گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز اور دیگر حکام بھی ہمراہ تھے۔
سعودی میڈیا کے مطابق فلسطینی صدر اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کے غزہ میں جاری حملوں کو 1 سال مکمل ہونے کو ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 30 سے زائد فلسطینی شہید کردیے گئے ہیں۔
دوسری طرف امریکی فوجی امداد کی نئی کھیپ اسرائیل پہنچا دی گئی۔ ایک رپورٹ کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک امریکا 50 ہزار ٹن کا فوجی سامان اسرائیل پہنچا چکا ہے۔