Light
Dark

پشین : پولیس لائن کے قریب دھماکا، 2 بچے جاں بحق، 5 اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی

پشین میں پولیس لائن کے قریب دھماکے سے دو بچے جاں بحق اور پانچ پولیس اہلکاروں سمیت بارہ افراد زخمی ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا پولیس لائن کے قریب ہوا۔ دھماکے میں کئی افراد زخمی ہیں جبکہ دھماکے سے گاڑی اور موٹرسائیکل تباہ ہوگئیں۔

پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ تحقیقاتی اداروں کی ٹیم وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور جائزہ لے رہی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسان کہلانے کے حقدار نہیں، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

واضح رہے کہ 14 اگست کو کوئٹہ میں دو دستی بم حملوں میں ایک شخص جاں بحق جبکہ بچوں سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے تھے۔