Light
Dark

ماضی قریب میں سیاسی اتحادوں کے تجربے اچھے نہیں رہے ، اپنی تحریک خود چلائیں گے ، مولانا فضل الرحمن

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے  کسی اتحاد کے بغیر اپنی تحریک خود چلانے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ماضی قریب میں سیاسی اتحادوں کے تجربے اچھے نہیں رہے، ہم مزید کسی کو شرمندہ کرنا چاہتے ہیں اور نہ خود ہونا چاہتے ہیں۔

 مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ایشو ٹو ایشو دیگر سیاسی جماعتوں سے اتحاد ہو سکتا ہے ، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ نے اب اپنے داخلی معاملات کو سنجیدگی سے لیا ہے ، اگر ہمیں سیاست میں مداخلت نہ کرنے کی ضمانت دے دی جائے تو ہمیں اپنی شکست پر کوئی اعتراض نہیں ہو گا، ہمیں پورے ملک کے انتخابی نتائج پر اعتراض ہے۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ ہمیں موجودہ حکومت سے مذاکرات سے کوئی انکار نہیں لیکن ان کے پاس اختیار نہیں ، ملک کا سیاسی عدم استحکام معیشت پر اثر انداز ہو رہا ہے، اگر ریاست ہی غیر مستحکم ہو جائے تو بنگلہ دیش جیسے حالات پیدا ہوتے ہیں، ہم بنگلہ دیش جیسے حالات کی جانب نہیں جانا چاہتے۔