Light
Dark

کراچی، کارساز پر خاتون ڈرائیور نے موٹر سائیکل سواروں کو کُچل دیا، مقدمہ درج

کراچی کے علاقے کارساز کے قریب گزشتہ روز خاتون ڈرائیور کی گاڑی کی ٹکر سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے، مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ متوفی عارف کے بھائی کی مدعیت میں بہادر آباد تھانے میں درج کیا گیا۔  پولیس کے مطابق حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کی خاتون ڈرائیور بھی زخمی ہے، ملزمہ کو سر پر چوٹ لگی ہے، جناح اسپتال میں سی ٹی اسکین کیا جارہا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوئے۔ چار افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے۔

خیال رہے کہ کارساز کے علاقے میں اسٹیڈیم کے قریب خاتون ڈرائیور نے تیز رفتار گاڑی موٹر سائیکل سواروں پر چڑھا دی۔ حادثے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی۔ پولیس اور رینجرز نے موقع پر ہی خاتون کو گرفتار کرلیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ حادثے میں خاتون کی گاڑی بھی اُلٹ گئی جس کے بعد مشتعل ہجوم نے اُس کا گھیراؤ کرنا چاہا لیکن پولیس اور رینجرز نے خاتون کو حراست میں لے لیا۔ خاتون کے میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔

اس حوالے سے عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ گاڑی چلانے والی خاتون اپنے حواس میں نہیں تھی۔ نشہ کرکے گاڑی چلانے کی تصدیق کے لیے زیر حراست خاتون کا جناح ہسپتال میں طبی معائنہ بھی کرایا گیا۔