کراچی کے علاقے گلستان جوہر بتول اسپتال کے قریب 2 ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گئے، شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو مارا گیا اور دوسرا زخمی ہوگیا جبکہ کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب عوام کے تشدد سے 2 ڈاکو زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کامران چورنگی کے قریب شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا، ہلاک ڈاکو کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی جبکہ زخمی ڈکیت 28 سالہ یوسف کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان ایسٹ پولیس کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر تھانے کی حدود میں فائرنگ سے 2 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے جنہیں جناح اسپتال لے جایا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک اور زخمی شخص ڈاکو بتائے جا رہے ہیں جو لوٹنے کی نیت سے آئے تھے جس پر شہری نے مزاحمت کی جبکہ پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی تاہم واقعہ کی مختلف زاویوں سے چھان بین کی جارہی ہے۔
.دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب عوام کے تشدد سے 2 ڈاکو زخمی ہوگئے