Light
Dark

ارشد ندیم کا طلبا کے لیے100لیپ ٹاپس بطور تحفہ دینے کا اعلان

گولڈ میڈلسٹ اولمپیئن ارشد ندیم نے طلبا کے لئے 100 لیپ ٹاپس بطور تحفہ دینے کا اعلان کر دیا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ار شد ندیم کا کہنا تھا کہ کراچی پہنچنے پر گورنر ہاؤس میں میرا والہانہ استقبال کیا گیا، گورنرسندھ نے مجھے بہت زیادہ عزت دی، ان کا شکر گزار ہوں، کراچی والوں نے مجھے بہت عزت دی، ان سب کا شکریہ۔

پورا پاکستان مجھے عزت اور پیار دے رہا ہے، جتنا شکر کروں اتنا کم ہے، میں آنے والے وقت کے تمام کھیلوں کے لیے پوری تیاری کروں گا اور پاکستان کا نام ہمیشہ بلند کروں گا۔

گولڈ میڈلسٹ قومی اتھلیٹ کا کہنا تھا کہ اولمپکس میں کامیابی پر اللہ کاشکرگزار ہوں،جیولن تھرو میں لمبے قد کا اہم کردار ہوتاہے، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب نے بہت عزت دی، قوم کی جانب سے عزت دینے پر خوشی ہوئی۔

ملک بھر سے اچھے پیغامات موصول ہوئے،اتنے لوگوں کا پیار دیکھا، میرے پاس اسے بیان کرنے کے لیے لفظ نہیں ہے، سب کا میں جتنا شکریہ ادا کروں وہ کم ہے، کھلاڑیوں کو یہی چیزیں آگے لے کر جاتی ہیں، مجھے پورا پاکستان عزت دے رہا ہے، پیار دے رہا ہے۔

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ار شد ندیم نے آئی ٹی سینٹرز میں پڑھنے والے بچوں کے لیے 100 لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا ہے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ارشد ند یم ہمارے ہیرو ہیں،ارشد ندیم نے پاکستان کا نام روشن کیا،انہوں نے جو کارکردگی دکھائی آج قوم اس پر خوش ہے، ارشد ندیم نے پاکستانی قوم کو جو عزت دلوائی اس پر اللہ کے شکر گزار ہیں، کل رات ارشد ندیم گورنر ہاؤس تشریف لائے، گزشتہ رات ہونے والی تقریب میں ارشد شریف کو دیکھنے کے لیے ہر شخص بے تاب تھا۔

گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کی کاروباری شخصیات نے ارشد ندیم کو پلاٹ، نقد انعامات اور دیگر تحائف سے نوازا، کل دس کروڑ روپے مالیت کے تحائف ارشد ندیم کو پیش کیے گئے، سندھ گورنمنٹ کی جانب سے اعلان کردہ پانچ کروڑ کا چیک بھی آج ارشد ندیم کو پیش کیا جائے گا۔