پاکستان بھر میں آج 77ویں یوم آزادی کا جشن منایا جارہا ہے، ملک کے مختلف شہروں میں تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
ملک بھر میں پاکستان کا یوم آزادی بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے جہاں ہر ہر طرف سبز پرچموں کی بہار ہے۔ پاکستان کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے کونے کونے میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔مختلف شہروں میں رات گئے 12 بجتے ہی یوم آزادی کا جشن منانے کے لیے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ مینارِ پاکستان لاہور پر فائر ورکس دیکھنے کے لیے ہزاروں شہری جمع ہوئے۔
اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں بھی گزشتہ روز جشن آزادی منایا گیا جہاں پیرس اولمپکس 2024 کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم بھی ایف نائن پارک پہنچے۔ کراچی میں پورٹ گرینڈ اور گورنر ہاؤس میں آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد پہنچی۔
علاوہ ازیں پاکستان کے 77 ویں جشن آزادی کے موقع پر دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ آج بھی ملک بھر میں جگہ جگہ جشن آزادی پر ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔