Light
Dark

سعودی کابینہ کو شاہ سلمان یا ولی عہد کی غیر موجودگی میں اجلاس بلانے کی اجازت

سعودی عرب کے شاہ سلمان نے کابینہ کو اپنے یا ولی عہد کے بغیر اجلاس کی اجازت دے دی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے سعودی سرکاری میڈیا کے حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان نے ایک شاہی فرمان جاری کیا ہے جس کے تحت کابینہ کو اپنی اور وزیر اعظم، اپنے بیٹے ،ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دونوں کی غیر موجودگی میں اجلاس بلانے کی اجازت دی گئی ہے۔

88 سالہ سعودی بادشاہ کا مئی میں پھیپھڑوں کی سوزش کے لیے علاج ہوا تھا اور شہزادہ محمد بن سلمان کو بادشاہ کی صحت کی وجہ سے بعد میں جاپان کا سرکاری دورہ ملتوی کرنا پڑا تھا۔

شاہ سلمان نے ایک ہفتے کے بعد کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی تھی اور ان کی ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس کی قیادت کرنے کی فوٹیج سرکاری ٹی وی نے براڈ کاسٹ کی تھی۔

شاہی فرمان کے مطابق بادشاہ، ولی عہد یا ان کے نائبین کی غیر موجودگی میں، کابینہ کی سربراہی کابینہ کے سب سے بڑے رکن کریں گے جو شاہ سلمان کے والد بانی شاہ عبدالعزیز آل سعود کی اولاد میں سے ہیں۔

شاہی فرمان میں مزید کہا گیا کہ کابینہ جن فیصلوں کو جاری کرے گی ان پر چیئرمین دستخط کریں گے۔ سعودی کابینہ میں شاہ سلمان کے دو بیٹے وزیر دفاع شہزادہ خالد اور وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز شامل ہیں۔