Light
Dark

پاکستان کے ایران کو شاہین میزائل دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں

پاکستان نے بنگلا دیش میں مظاہروں سے متعلق بھارتی میڈیا کی رپورٹس مسترد کر دیں جبکہ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ایران کو شاہین میزائل دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے فلسطین کی موجودہ صورت حال پر او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کی، جس میں نائب وزیراعظم نے فلسطین میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کو بلا تعطل جاری رکھنے پر زور دیا۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ آسیان دن کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے مبارکباد دی۔ رواں ہفتے کے آغاز میں 5اگست کو 5 سال مکمل ہونے پر یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ کشمیری بھائیوں سے پاکستان اپنی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ بھارتی میڈیا پاکستان کے کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔

مماز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کو نسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل چاہتا ہے، امریکا میں پاکستانی کی جانب ڈونلڈ ٹرمپ پرحملے کے حوالے سے امریکی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، ہم اس مسئلے کے حوالے سے امریکا کی جانب سے تفصیلات کے انتظار میں ہیں، پاکستانی سفارتخانہ امریکا میں پاکستانی شہریوں کے حوالے سے امریکی حکام سے رابطے میں ہے۔

بنگلا دیش کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان مثبت تعلقات ہیں، امید ہے کہ بنگلہ دیش میں جلد حالات نارمل ہو جائیں گے، بنگلہ دیش کے حالات پر پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈا بے بنیاد ہے جسے مسترد کرتے ہیں، پاکستانی حکومت اور عوام بنگلا دیشی عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے ڈاکٹر محمد یونس کو چیف ایڈوائزر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی، پاکستانی ہائی کمشنر نے تقریب حلف برداری میں شرکت بھی کی۔

ان کا مزید کہنا تھا بنگلا دیش کے واقعات میں پاکستان کےملوث ہونے کی تمام رپورٹس مسترد کرتے ہیں، ایسی رپورٹس بھارت کے پاکستان کے بارے میں ذہنی جنون کی عکاسی کرتی ہیں۔

ہا کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع کے بعد قائم مقام ایرانی وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس کے دوران پاکستان اور ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات ہو ئی، پاکستان خطے میں قیام امن کے لیے اپنی کوششیں جا ری رکھے گا۔

ترجمان دفترخارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان کے ایران کو شاہین میزائل دینے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پوری قوم ارشد ندیم کو پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیتے پر مبارکباد پیش کر تی ہے۔

علاوہ ازیں کانگریس میں پیش کیے گئے بھارت امریکا دفاعی تعاون بل کے معاملے پر ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ ہم نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے، دوست ممالک کو اس میں نشانہ نہیں بنانا چاہیئے، پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، امید ہے کہ امریکی کانگریس پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے میں کردار ادا کرے گی۔