Light
Dark

سندھ ہائیکورٹ کی مقتول صحافی نصر اللہ گڈانی کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت

گھوٹکی کے صحافی نصراللہ گڈانی قتل کیس میں مقتول کی والدہ کی تحفظ فراہمی کی درخواست پر سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو مقتول صحافی کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

21 مئی کو گھوٹکی میں قتل ہونے والے صحافی نصر اللہ گڈانی کی والدہ نے تحفظ کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

اس حوالے سے آج سندھ ہائیکورٹ میں صحافی نصر اللہ گڈانی قتل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) گھوٹکی سے رپورٹ طلب کرلی اور 4 ماہ گزر جانے کے باوجود کیس کا چالان پیش نہ کرنے پر عدالت نے پولیس کو وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت عالیہ نے پولیس حکام سے 7 روز میں تحریری جواب طلب کرلیا۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل ایڈووکیٹ صلاح الدین پہنور نے مؤقف اپنایا کہ نصر اللہ گڈانی کو 4 ماہ قبل قتل کیا گیا، 4 ماہ گزر جانے کے باوجود بھی ملزمان کے خلاف چالان پیش کیا گیا اور نہ رپورٹ۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ہر پیشی پر سیکڑوں افراد کے ہجوم میں پیشی پر آتے ہیں جس سے سائلین اور وکلا کا عدالت میں داخلہ مشکل ہوجاتا ہے۔