Light
Dark

 شیخ حسینہ واجد کا زوال

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد 20 سال 234 دن برسرِ اقتدار رہنے کے بعد حکومت مخالف تاریخی طلبہ تحریک کے نتیجے میں مستعفی ہونے کے بعد بیرون ملک فرار ہوگئیں۔

بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمٰن کی بیٹی حسینہ واجد چار مرتبہ وزیراعظم رہیں جو بنگلہ دیش میں کسی بھی سربراہ حکومت کا طویل تر ین دورِ اقتدار ہے۔ وہ 23 جون 1996ء کو پہلی بار وزیراعظم بنیں جب انہوں نے بھارت سے دریائے گنگا کے پانی کی شراکت کا معاہدہ کیا۔

شیخ حسینہ واجد کی پہلے دورِ حکومت کی مدت 15 جولائی 2001ء تک 5 سال 22 دن تک رہی۔ 6 جنوری 2009ء سے 5 اگست 2024 تک وہ 15 سال 212 دن اقتدار سے محروم کردیے جانے تک برسرِ اقتدار رہیں۔

سابق وزیراعظم کا یہ طویل ترین دور طلبہ اور عوامی احتجاج کے باعث مستعفی ہونے اور بنگلہ دیش سے فرار ہونے کا باعث بنا۔

حسینہ واجد کے والد شیخ مجیب الرحمن کو ملک کے تین سال 13 دن تک صدر رہنے کا اعزاز حاصل رہا۔ یہ عرصہ 12 جنوری 1972ء سے 25 جنوری 1975ء تک کا ہے۔ انہیں اگست 1975ء میں کچھ باغی فوجی افسروں نے رہائش گاہ میں گھس کر قتل کردیا۔

اس حملے میں شیخ مجیب الرحمن کی اہلیہ، دو بہو یں، دیگر رشتہ دار، ذاتی عملہ، پولیس افسران اور ایک فوجی بریگیڈیر بھی مارے گئے۔ ایسے وقت میں حسینہ واجد اپنی بہن ریحانہ حسینہ کے شوہر اور بچوں کے ہمراہ یورپ کے دورے پر تھیں۔

ایسی صورتحال میں بھارتی وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی جانب سے سیاسی پناہ ملنے تک انہوں نے جرمنی میں بنگلہ دیش سفیر کی رہائش گاہ پر پناہ لیے رکھی تھی۔